اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ الفرات ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے عوامی رضاکار فورس اور قبائلی رضاکاروں کی مدد سے رمادی شہر کے جنوب میں واقع الانبار یونیورسٹی کے اطراف میں آپریشن کر کے تکفیری دہشت گردوں کے اسلحے کا گودام اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کے بعد اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ صوبۂ الانبار کی آپریشنل کمانڈ کے ایک فوجی ذریعے نے کہا ہےکہ عراق کی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں اور عوامی رضاکاروں نے مشرقی رمادی میں واقع حصیبہ کے علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش کے سرغنے ابوسیاف انصاری اور اس کے پانچ ساتھیوں کو ہلاک اور ان کی پانچ گاڑیوں کو تباہ کر دیا ہے۔ عوامی رضاکار فورس سید الشہدا بریگیڈ نے بھی جنوب مغربی کرکوک میں واقع الحویجہ کے علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش کے خفیہ ٹھکانے پر حملہ کر کے اس گروہ کے کم از کم اٹھائیس عناصر کو زخمی کر دیا ہے۔ دریں اثنا صوبۂ الانبار میں ایک فوجی ذریعے نے کہا ہے کہ عراقی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر پر حملہ کر کے ان میں سے دس عناصر کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ عناصر مغربی رمادی کی جانب سے عراق کی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملے کا ارادہ رکھتے تھے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں چیچنیا کا ایک شہری بھی شامل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲